ملک کی ہمہ جہتی ترقی میں قانون ساز اداروں کا اہم رول: پرساد کمار

   

دہلی میں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس، تلنگانہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا تذکرہ

حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے نئی دہلی میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری اسوسی ایشن انڈین ریجن کی 10 ویں کانفرنس میں شرکت کی۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش اور لیجسلیٹیو سکریٹری ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سماج کی مجموعی ترقی میں قانون ساز اداروں کے رول پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پرساد کمار نے کہا کہ موزوں قانون سازی کے ذریعہ سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں اس سلسلہ میں بہتر قانون سازی ملک کی مجموعی ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔ پرساد کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی 2014 میں تشکیل کے بعد نئی ریاست نے نمایاں ترقی کی ہے۔ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کی مدد سے تلنگانہ حکومت نے ترقی کے نشانوں کی تکمیل کی مساعی کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی نے کئی ایسے قوانین منظور کئے جو قومی اور بین الاقوامی قوانین سے عین مطابقت رکھتے ہیں۔ قانون سازی کے ذریعہ ریاست میں تعلیم، صحت، مساوات، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر اہم شعبہ جات میں قومی سطح پر بہتر مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ڈسمبر2023 میں تلنگانہ میں کانگریس حکومت برسراقتدار آئی اور اس نے عوام سے کئے گئے 6 اہم وعدوں کی تکمیل کا آغاز کیا ہے۔ آٹھ ماہ کی مدت میں حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا۔ اسپیکر نے بتایا کہ اقتدار کے پہلے ہفتہ میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کا آغاز ہوا۔ خواتین کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ کردیا ہے۔ غریب مستحق خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چھوٹے متوسط کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے ہیں۔ حکومت دھان کی فصل پر فی کنٹل 500 روپئے بونس فراہم کررہی ہے۔ پرساد کمار نے کہا کہ 2030 تک ملک کی ہمہ جہتی ترقی کے نشانہ کی تکمیل کیلئے قانون ساز اداروں کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔1