ملک کی ہمہ جہتی ترقی میں پنڈت جواہر لال نہرو کی گراں قدر خدمات

   

جینتی کے موقع پر کانگریس قائدین کا خراج، گاندھی بھون اور عابڈس پر علیحدہ تقاریب
حیدرآباد۔ 14 نومبر (سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو آج کانگریس پارٹی نے جینتی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون اور عابڈس پر واقع پنڈت نہرو کے مجسمہ پر سینئر قائدین کی جانب سے گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ جدید ہندوستان کے معمار پنڈت جواہر لال نہرو کی ملک کی آزادی اور ترقی کے سلسلہ میں خدمات کی یاد تازہ کی گئی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق پی سی سی صدر پونالا لکشمیا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، پارٹی ترجمان جی نرنجن، جنرل سکریٹری عظمی شاکر، جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین، اے آئی سی سی ارکان سوریہ نائک، عظمت اللہ حسینی اور دوسروں نے پنڈت جواہر لال نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون اور عابڈس پر کانگریس قائدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پنڈت جواہر لال نہرو کی خدمات کو سراہا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ہندوستان کی آج جو بھی ترقی ہوئی ہے اس کا سہرا پنڈت نہرو کے سرجاتا ہے۔ انہوں نے پہلے وزیراعظم کی حیثیت سے ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کا شعبہ ہو یا پھر زراعت و صنعت ہر شعبہ میں ملک نے ترقی کی ہے۔ پنڈت جواہرلال نہرو نے پنچ سالہ منصوبے کے ذریعہ ترقی کا راستہ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پنڈت نہرو کی خدمات کے معترف ہیں لیکن موجودہ حکومت نے ان کی خدمات کا اعتراف نہیں کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے پنڈت نہرو کئی بار جیل گئے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ خلائی تحقیق کے سلسلہ میں ہندوستان کی پیشرفت پنڈت نہرو کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔