راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کا’آزادی گورو مارچ‘۔ پرینکا گاندھی، غلام نبی آزاد اور متعدد سینئر قائدین کی شرکت
نئی دہلی : آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر دہلی میںواقع کانگریس صدر دفتر میں بھی آزادی کا جشن منایا گیا۔ دفتر کے میدان میں سابق مرکزی وزیر امبیکا سونی نے پرچم کشائی کی۔ اس دوران کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی، غلام نبی آزاد، پرینکا گاندھی، پون کھیڑا، سپریا شیرینیت سمیت تمام بڑے قائدین اور سینکڑوں کارکنان موجود ر تھے۔کانگریس صدر سونیا گاندھی کے حال ہی میں کووڈ متاثر ہو جانے کے سبب آج کانگریس دفتر میں ہوئی یومِ آزادی تقریب میں سابق وزیر امبیکا سونی نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں کانگریس لیڈران و کارکنان کے درمیان راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی موجود تھے۔ پرچم کشائی سے پہلے وندے ماترم، اور اس کے بعد قومی ترانہ ’جن گن من‘ گایا گیا۔کانگریس ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی کے بعد راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی تقریب میں شامل ہوا۔ یہ ایک تاریخی اور یادگار لمحہ ہے۔ ہمیں مل کر ایک نئی توانائی کا مظاہرہ کر کے ملک کے مفاد پر مبنی کاموں کو نئی سمت اور رفتار دینی ہوگی۔‘‘پرچم کشائی کے بعد کانگریس قائدین نے کانگریس دفتر سے 30 جنوری مارگ پر واقع گاندھی اسمارک تک مارچ نکالا، جہاں مہاتما گاندھی شہید ہوئے تھے۔ اس مارچ کی قیادت راہول گاندھی نے کی۔ اس دوران پرینکا گاندھی، غلام نبی آزاد، آنند شرما، پون بنسل، کے سی وینوگوپال سمیت کئی سرکردہ لیڈران ہاتھوں میں ترنگا لیے موجود تھے۔ گاندھی اسمارک پہنچ کر راہول گاندھی سمیت سبھی کانگریس قائدین نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ خراج عقیدت کے بعد مارچ کا اختتام ہوا۔ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وہاں جمع سبھی کانگریس قائدین نے ملک کے اتحاد، سالمیت اور ترقی کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔