ملک کے ادارہ خطرہ میں ‘ عوام مشکل میں : حامد انصاری

   

نئی دہلی 17 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا کہ ملک میں ایک بہت خطرناک عمل چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ادارے سنگین خطرہ کا شکار ہیں اور جن اصولوں پر دستور کا پیش لفظ لکھا گیا ہے انہیں فراموش کیا جا رہا ہے ۔ حامد انصاری نے کہا کہ لوگ مشکل وقت میں جی رہے ہیں اور فوری حرکت میں آنا ضروری ہے کیونکہ اگر ایسا جاری رہا تو پھر بیدار ہونے میں بہت تاخیر ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشکل وقت میں جی رہے ہیں۔ مجھے تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن دیانتدارانہ سچائی یہ ہے کہ جمہوریہ ہند کے ادارہ جات اب سنگین خطرہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن اصولوں پر دستور کا پیش لفظ تحریر کیا گیا تھا انہیں نکال پھینکا جا رہا ہے ۔ سچائی یہ ہے کہ ایک بہت خطرناک عمل چل رہا ہے ۔ یہ ہمارے لئے اور ملک کے شہریوں کیلئے خطرناک ہے ۔