مریضوں کی تعداد کی مناسبت سے رعایتوں سے متعلق فیصلہ
حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے ملک کو کورونا وائر س کے واقعات کی بنیاد پر تین حصوں میں منقسم کیاجاسکتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی منصوبہ بندی کے تحت جن ریاستوں میں کورونا متاثرین کی تعداد زیادہ ہے ان کے اضلاع کی نشاندہی کرکے زیادہ مریضوں والے اضلاع کو ریڈ زون میں رکھتے ہوئے یہاں سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائیگی اور نہ ان علاقوں میں لاک ڈاؤن میں کوئی رعایت کی جائیگی۔ اسی طرح آرینج زون یعنی عنبر زون ریاستوں کے ان اضلاع کو بنایا جائیگا جن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہے ۔ عنبر زون میں کچھ رعایت فراہم کرکے عوامی حمل و نقل کی اجازت دی جائیگی اور زرعی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔اسی طرح جن اضلاع میں کورونا کا کوئی مصدقہ مریض نہیں ہے ان کو گرین زون میں رکھا جائیگا اور اس زون میں گھریلوصنعتوں کی محدود ملازمین کے ساتھ سماجی فاصلہ کی برقراری کی شرط پر کشادگی عمل میں لائی جائیگی اور اسی شرط پر حمل و نقل کی اجازت دی جائے گی لیکن تینوں زون میں کسی تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ہندستان میں 720 اضلاع میں 400 کے قریب اضلاع میں کوئی کورونا مریض نہیں ہیں اسی لئے ان کو گرین زون میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ حکومت ہند کے اس اقدام کے ذریعہ حالات کو بتدریج معمول پر لانے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے لیکن ان تمام امور کا دار و مدار کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعدا پر ہوگا۔