نارسنگی میں ہرے کرشنا ٹاور کا سنگ بنیاد، تلنگانہ حکومت نے 25 کروڑ کا عطیہ دیا
حیدرآباد۔8۔مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل کیلئے پرامن سماج ضروری ہے اور امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ چیف منسٹر نے امن اور مذہبی سرگرمیوں کے ذریعہ عالمی امن کے مقصد سے مصروف تمام تنظیموں کو حکومت سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر آج نارسنگی میں ہرے کرشنا تحریک کے ہیرٹیج ٹاور کی تقریب سنگ بنیاد سے خطاب کر رہے تھے ۔ یہ ٹاور جس میں مندر اور دیگر تعمیرات شامل ہیں 200 کروڑ کے مصارف سے مکمل کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اپنی موجودگی کو میں باعث فخر تصور کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جلد ایک خوبصورت مندر تعمیر ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہرے کرشنا ہیرٹیج ٹاور اندرون 4 سال مکمل ہوجائیگا۔ حکومت نے مندر کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ کا عطیہ دیا ۔ حکومت جلد یہ رقم جاری کردے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سے یادادری میں مندر کو ترقی دی گئی ۔ عوام ترقیاتی کاموں کی ستائش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا گٹو ، ویملواڑہ اور کالیشورم مندروں کو ترقی دینے کا عمل جاری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل اور عالمی سطح پرامن سماج کی تشکیل ضروری ہے۔ اگر امن چاہتے ہیں تو یہ مندروں اور دیگر مذہبی عبادتگاہوں کے ذریعہ ہوسکتا ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ عوام بلا لحاظ مذہب و ملت اور لسانی وابستگی خدا کی عبادت کرتے ہیں اور الگ الگ نام سے خدا کو یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندروں کوکمیونٹی سنٹرس میں تبدیل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب بیداری سے سماج میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ کوئی مذہب نفرت کی تعلیم نہیں دیتا۔ کے سی آر نے کہا کہ کوئی بھی مذہبی پیشوا تشدد کا درس نہیں دیتا لیکن مذہب سے دوری کے نتیجہ میں عوام غلط توضیحات سے سماج کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ ر