حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( این ایس ایس ) مرکزی مملکتی وزیر محنت و روزگار سنتوش کمار گنگوار نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک کے تمام اضلاع میں ای ایس آئی ہاسپٹلس کے قیام کا منصوبہ بنارہی ہے۔ ملک میں فی الحال 45 ای ایس آئی ہاسپٹلس ہیں۔ گنگوار ـآج یہاں ای ایس آئی میڈیکل کالج و ہاسپٹل کو قوم کے نام معنون کرنے کے بعدخطاب کررہے تھے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ای ایس آئی ہاسپٹل نٹ ورک کو مستحکم بنانے مرکز کی بھرپور تائید کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہاکہ غیر منظم شعبہ سے تعلق رکھنے والے 40 کروڑ مزدوروں اور محنت کشوں کا ای ایس آئی سی اور ای پی ایف او کے تحت احاطہ کیا جائے گا۔ان میں تعمیراتی مزدور، بیڑی ورکرس، آٹو رکشاء ڈرائیورس شامل ہیں جنہیں طبی خدمات اور سوشیل سیکوریٹی فوائد دیئے جائیں گے۔