ملک کے تمام بڑے ادارے وزیراعظم کے دوستوں کو بیچ دیئے گئے ہیں: پرینکا گاندھی

   

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کے روز ملک کے مختلف اداروں اور اکائیوں کو نجی ہاتھوں میں دینے کو ریزرویشن کو ختم کرنے کی چال قرار دیا اور کہا کہ اس سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔فیروز آباد میں ‘میں ایک لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں’ پاور ڈائیلاگ کے دوران پرینکا نے کہا، ‘ جتنے بڑے ادارے موجود ہیں وہ وزیر اعظم کے دوستوں کو بیچ دیے گئے ہیں۔ اس کا مطلب سمجھئے آج آپ کو سرکاری اداروں میں ریزرویشن ملتا ہے۔ کیا آپ کو پرائیویٹ جاب ملنے پر ریزرویشن ملے گا؟ یہ بھی ریزرویشن ختم کرنے کا ایک طریقہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ روزگار ان اداروں سے آتا ہے۔ یہ صرف ووٹ حاصل کرنے کا نعرہ نہیں ہے۔ اس الیکشن میں اگر آپ کانگریس پارٹی کو بااختیار بناتے ہیں تو آپ دیکھیں گے کہ خواتین بااختیار ہوں گی۔خواتین کو اپنی طاقت کو پہچاننے کی ہدایت دیتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ملک کے ہر گھر میں خواتین ہیں۔ اگر وہ متحد ہو کر یہ فیصلہ کر لیں کہ وہ اپنا ملک بدل دے گی اور اپنی سیاست بھی بدل دے گی تو یقیناً بڑی تبدیلی آئے گی۔