حیدرآباد کو ملک کا دوسرا صدر مقام بنانے کی تجویز نہیں ، مرکزی مملکتی وزیر جی کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔18نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو ملک کا دوسرا صدر مقام بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور اس سلسلہ میں کوئی غور نہیں کیا جارہا ہے ۔مرکزی مملکتی وزیر داخلہ مسٹر جی کشن ریڈی نے بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کے دوسرے صدر مقام کے سلسلہ میں جاری اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی مشاورت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ترجیحات میں ملک کے تمام شہروں اور دیہی علاقوں میں عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے علاوہ ان کے لئے بیت الخلاء کی فراہمی‘کسانوں کو معاوضہ اور پسماندہ طبقات کی ترقی شامل ہے۔سابق گورنر مہاراشٹر مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کی جانب سے شہر حیدرآباد کو ملک کا دوسرا صدر مقام بنائے جانے کے سلسلہ میں بیان دیئے جانے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی رائے کو ظاہر کئے جانے کے بعد یہ اطلاعات تیزی کے ساتھ گشت کر رہی تھی کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کے دوسرے صدر مقام کے طور پر حیدرآباد کے انتخاب کو یقینی بنایاجائے گالیکن جی کشن ریڈی نے واضح کردیا کہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور حکومت اس سلسلہ میں کوئی رائے نہیں رکھتی اور نہ ہی کابینی یا مملکتی وزراء کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی مشاورت کی جا رہی ہے۔انہو ںنے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر قائد کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیئے جانے پر کہا کہ انہوں نے تاریخی حوالہ کے ساتھ یہ بات کہی ہے لیکن فی الحال حکومت کی ترجیحات میں حیدرآباد کو دوسرا دارالحکومت بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔