تمثیلی مشق میں تمام طبی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت
نئی دہلی : چین میں کورونا کے بڑھتے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت پوری طرح چوکس ہوگئی ہے۔ اس درمیان مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے 27 دسمبر کو ملک بھر میں ہیلتھ سنٹرس پر ماک ڈرل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہندوستان میں ہیلتھ سروس سنٹرس پر 27 دسمبر کو ماک ڈرل ہوگی۔دراصل، چین میں کوویڈ کے بڑھتے خوف کے درمیان مرکز نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے منگل (27 دسمبر) کو ملک بھر میں کوویڈ سینٹرس سمیت سبھی ہیلتھ سینٹرس پر ماک ڈرل منعقد کرنے کو کہا ہے۔ سینٹرل ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے ہفتہ کو سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے کئی ممالک میں کوویڈ کے معاملوں میں اضافہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ سبھی ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ضروری صحت عامہ کے اقدامات کیے جائیں۔ کوویڈ-19 ہیلتھ سروس کی تیاری اہم ہے۔چین میں کوویڈ-19 کے بڑھتے پھیلاو کے وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیاہے۔مرکزی صحت سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27 دسمبر کو ملک بھر میں کووڈ سے وابستہ صحت کی سہولیات سمیت تمام صحت کی سہولیات میں فرضی مشقیں (ماک ڈرل) کی جائیں گی۔ مشق کا مقصد ان صحت کی سہولیات کے انتظام کے لیے آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا ہے۔مرکز نے کہا ہے کہ اس مشق کے دوران، تمام اضلاع کا احاطہ کرنے والی صحت کی سہولیات کی جغرافیائی طور پر نمائندہ دستیابی، بستر کی گنجائش جیسے آئسولیشن بیڈز، آکسیجن کی مدد سے آئیسولیشن بیڈز، آئی سی یو بیڈز اور وینٹی لیٹر سپورٹ والے بیڈز اور انسانی وسائل کی بہترین دستیابی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔