ملک کے دولت مند چیف منسٹرس میں چندرا بابو نائیڈو سرفہرست

   

دوسرے نمبر پر اروناچل پردیش کے چیف منسٹر ، ممتا بنرجی سب سے غریب چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چندرا بابو نائیڈو ملک کے سب سے بڑے دولت مند چیف منسٹر بن کر ابھرے ہیں ۔ وہ 931 کروڑ روپئے جائیداد کے مالک ہیں ۔ اے ڈی آر رپورٹ میں اس کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ اس فہرست میں سب سے آخری مقام چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کا ہے جو صرف 15 لاکھ روپئے اثاثہ جات کی مالک ہے ۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (ADR) نے دسمبر 2024 کے بعد منعقد ہونے والے مختلف ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات سے قبل چیف منسٹرس کی جانب سے فائیل کی گئی اپنی آمدنی اور اثاثہ جات کی بنیاد پر یہ تازہ رپورٹ جاری کی ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اس فہرست میں 931 کروڑ اثاثہ جات کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ ارونا چل پردیش کے چیف منسٹر بیماکھانڈو ( 332 کروڑ روپئے ) کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہ دونوں ہی چیف منسٹرس فہرست میں ارب پتی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے 15 لاکھ روپئے کی مالک ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ 55 لاکھ روپئے کی جائیدادیں رکھتے ہیں ۔ کیرالا کے چیف منسٹر پنارانی وجین ایک کروڑ روپئے سے کچھ زیادہ کے اثاثوں کے ساتھ آخری سے تیسرے نمبر پر ہیں ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اثاثوں کی مالیت 30.10 کروڑ روپئے ہونے کی اے ڈی آر رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے ۔ انتخابی حلف نامے کے مطابق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے پاس کوئی مکان یا زمین نہیں ہے ۔ 2020-21 میں ممتا بنرجی کی جانب سے داخل کردہ انکم ٹیکس ریٹرن 15.4 لاکھ 2016 اسمبلی انتخابات کے وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 30.40 لاکھ تھی ۔ اپنے حلف نامے میں انہوں نے کیاش ان ہینڈ کے طور پر 69,255 روپئے اور بینک بیالنس 13.5 لاکھ ہونے کا دعویٰ کیا تھا ۔ انتخابی اخراجات کھاتے میں 1.50 لاکھ ہونے کی وضاحت کی ۔ سال 2019-20 میں ٹیکس چھوٹ کے طور پر 1.8 لاکھ روپئے دکھائی گئی ۔ انہوں نے اپنے پاس 43,837 روپئے مالیت کا 9 گرام سونا ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے ۔۔ 2