ملک کے عوام فلیگ ڈے فنڈ میں تعاون کریں: راجناتھ سنگھ

   

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملک کے بہادر شہیدوں کے لواحقین اور مہموں اور لڑائیوں میں لڑتے ہوئے معذور ہوئے فوجیوں کی دیکھ بھال کو سبھی شہریوں کا اجتماعی فرض قرار دیتے ہوئے لوگوں سے آرمڈ فلیگ ڈے فنڈ میں بڑھ چڑھ کر تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر سنگھ نے ہر سال سات دسمبر کو منائے جانے والے آرمڈ فلیگ ڈے سے پہلے اپنے پیغام میں آج کہا کہ اس دن کو بہادر شہیدوں ،بہادر خواتین اور ان کے لواحقین کے تئیں یوم احترام کے طورپر منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پورے دسمبر ماہ کو فوجی بورڈس کے ذریعہ سے سبھی ریاستوں اور مرکزی کے زیر انتظام ریاستوں میں ‘گورو ماہ’ کے طورپر منایا جائے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ آزادی سے لے کر آج تک ملک نے کئی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے چاہے وہ ملک کی سالمیت اور اتحاد کے لئے لڑی گئی لڑائی میں جیت حاصل کرنے کی ہو یا سرحد پار سے ہورہی دہشت گردانہ سرگرمیوں کا سامنا کرنے کی، مسلح افواج نے بہت مستعدی سے سبھی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے ۔’’ اس بہادری کے دوران ہمارے متعدد جوانوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے اور کئی معذور بھی ہوئے ہیں۔ کنبے کے سربراہ کی موت ہونے پر کنبے پر جو گزرتی ہے اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے ۔ ان شہیدوں بہادر خواتین اور بچوں کو جنہیں وہ پیچھے چھوڑ گئے ہیں یا وہ فوجی جو اپنے مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے زخمی ہوئے ہیں ان کے تئیں ہمارا بہت بڑا فرض بنتا ہے ۔