ملک کے غریبوں کیلئے راہول گاندھی کی منفرد اسکیم

   

دیہی علاقوں میں ہر گھر کو سالانہ 18,000 امداد کی تجویز، ماہرین معاشیات سے تجاویز طلب ، تلنگانہ کی رعیتو بندھو اسکیم میں خامیاں
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ملک میں لوک سبھا کے عام انتخابات سے قبل صدر کانگریس راہول گاندھی نے غریب خاندانوں کے لئے ایک منفرد اسکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر غریب خاندان کو گزارے کیلئے ماہانہ مناسب رقم فراہم کی جائے گی ۔ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کے تحت دیہی اور شہری علاقوں کے غریب خاندانوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس اسکیم کا مقصد ہر غریب خاندان کو کچھ نہ کچھ آمدنی فراہم کرکے غربت و بھوک مری کا خاتمہ کرنا ہے ۔ ملک کی بعض ریاستوں میں زرعی شعبہ کیلئے بعض اسکیمات کا اعلان کیا گیا لیکن راہول گاندھی کی مجوزہ اسکیم سے ہر غریب خاندان کا احاطہ کیا جاسکے گا ۔ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے بعد شروع کی جانے والی اس اسکیم کے بارے میں کئی ماہرین معاشیات نے اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکیم کے تحت سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی رکھنے والے ہر خاندان کا احاطہ کیا جائے گا ۔ 2016-17 ء میں ملک کے معاشی سروے کی رپورٹ میں بنیادی آمدنی کا ماڈل پیش کیا گیا تھا جس میں فی کس سالانہ آمدنی 7620 روپئے مقرر کی گئی ۔ اسی دوران سابق چیف اکنامک اڈوائزر اروند سبرامنین نے دیہی علاقوں کے غریبوں کے لئے سالانہ 18,000 روپئے آمدنی پر مبنی اسکیم پیش کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت دیہی علاقوں کے خوشحال خاندان شامل نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے اسکیم کیلئے 2.64 لاکھ کروڑ روپئے کے خرچ کا اندازہ کیا ہے ۔ ہر گھر کو سالانہ 18,000 یا ماہانہ 1500 روپئے دیئے جائیں گے اور 75 فیصد دیہی عوام کا احاطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے اسکیم میں مرکز اور ریاستوں کی حصہ داری کو بھی متعین کردیا ۔ تلنگانہ میں رعیتو بندھو اور اڈیشہ میں کالیہ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے مجوزہ اسکیم کے خد و خال کو قطعیت دی گئی ہے ۔ رعیتو بندھو اسکیم میں بعض نقائص کا پتہ چلا ہے جس میں صرف اراضی مالکان کو رقومات دی جارہی ہیں جبکہ دو اہم شعبے اسکیم سے محروم ہے جن میں زرعی مزدور اور بے زمین لیبر شامل ہیں۔ اسکیم کے تحت مرکزی حکومت اپنے حصہ کے طور پر ہر خاندان کو 6500 روپئے فراہم کرسکتی ہے جس سے 84000 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ ماہرین معاشیات کے مطابق مرکز کی بعض اسکیمات کے تحت دی جانے والی رعایتوں کو مسدود کرتے ہوئے نئی اسکیم پر بہتر طور پر عمل کیا جاسکتا ہے ۔ زرعی شعبہ میں کئی ایسی اسکیمات ہیں جن کے تحت کسانوں کو امدادی رقم جاری کی جاتی ہے لیکن یہ اسکیمات موثر عمل اوری سے قاصر ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کی نئی اسکیم لوک سبھا انتخابات میں رائے دہندوں کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔