تلنگانہ میں 48 کوآپریٹیو بینکس کی 321 برانچس، عوامی خدمت کا جذبہ، اگرسین بینک کا افتتاح
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ ملک کی معیشت کے استحکام میں کوآپریٹیو بینکس اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بینکس صرف ڈپازٹ اور وتھڈرال کے مراکز ہوا کرتے تھے لیکن اب بینکوں کی کارکردگی کا دائرہ وسیع ہوچکا ہے۔ ڈی سریدھر بابو نے امیر پیٹ میں اگرسین بینک کی برانچ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کوآپریٹیو بینکس کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بینکس موجودہ ضروریات اور کسٹمرس کی توقع کے مطابق خدمات انجام دینے خود کو ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔ بینک کی جانب سے ہمہ اقسام کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ملک کی معاشی ترقی اور بالخصوص کمزور طبقات کو مالیاتی خدمات کی فراہمی میں کوآپریٹیو بینکس کا اہم رول ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی سالانہ رپورٹ 2024 کے مطابق ملک میں 85 ملین شہری کوآپریٹیو بینکوں کی خدمات سے وابستہ ہیں۔ کوآپریٹیو بینکوں میں ڈپازٹس اور اڈوانسیس 5.5 لاکھ کروڑ سے تجاوز کرچکے ہیں۔ تلنگانہ میں 48 اربن کوآپریٹیو بینکس 321 برانچس کے ساتھ شہری اور نیم شہری علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میں گزشتہ سال کوآپریٹیو بینکوں کا مجموعی کاروبار 17000 کروڑ درج کیا گیا۔ کوآپریٹیو بینکس کی برانچس میں کوکٹ پلی ، ملک پیٹ اور امیر پیٹ کا رول زیادہ ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ میں کوآپریٹیو بینکس صرف منافع کے لئے نہیں بلکہ سماج کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر تلنگانہ اگروال سماج کے صدر انیرودھ گپتا، تبارومل جیویلس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے رام بھوسے گپتا، سومانی اسپاتھ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے مینیجمنگ ڈائرکٹر اشوک کمار سومانی، اگرسین بینک کے صدر نشین پرمود کمار کھیڈیا، سینئر وائس چیرمین نوین کمار اگروال اور وائس چیرمین سریش کمار اگروال موجود تھے۔ 1