ثابت قدم رہنے اور شرک سے محفوظ رکھنے پر زور ، کرنول میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : ضلع کرنول آندھرا پردیش میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر ذی وقار فقہی العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی زیر صدارت اصلاح معاشرہ کا عظیم الشان جلسہ ہائی اسکول گراؤنڈ پر منعقد ہوا ۔ جس میں سینکڑوں کی تعداد میں شرکاء شہر کرنول کے علاوہ اطراف کے دیہاتوں سے بھی شریک ہوئے ، صدر بورڈ نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ ملک کے موجودہ حالات سے نا امید ہونے کی ضرورت نہیں اس سے بدتر حالات انبیاء کرام اور اہل حق پر گزر چکے ہیں سیرت طیبہ کے مختلف واقعات کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان پر آزمائش آتی ہے اس آزمائش میں ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے اس دور میں ایمان پر قائم رہیں اور شرک سے خود کو محفوظ رکھیں اور اپنی آنے والی نسلوں کی حفاظت کی فکر کریں اس موقع پر مقامی علماء وقائدین کے علاوہ مولانا ڈاکٹر یسین علی عثمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ‘مولانا ڈاکٹر محمد متین الدین قادری رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ،مولانا مفتی عمر عابدین نے مخاطب کیا اور مقررین نے بورڈ کی کارکردگی کو بیان کرنے کے علاوہ مسلمانوں کو برائیوں کو ترک کر کے شریعت اسلامی کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی اور کہا کہ ہم ہر چیز گوارا کر سکتے ہیں لیکن شریعت اسلامی کسی تبدیلی کو ہرگز برداشت نہیں کرینگے اور جو کوششیں حکومت اور اسکے اداروں کے تحت کی جارہی ہیں اس کے مقابلے کے لیے مسلمان پرسنل لا بورڈ کے بیانر تلے متحدہ طور پر جدوجہد کرینگے جلسہ میں عوام الناس کے علاوہ نوجوانوں اور علماء کرام اور مشائخین عظام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ آخر میں صدر بورڈ کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا-