ملک کے کئی حصوں میں 5 اپریل تک بارش کی پیش قیاسی

   

آندھرا پردیش، تلنگانہ اور کرناٹک میں آندھی طوفان کے ساتھ بارش کا امکان
نئی دہلی: دہلی میں کل شدید بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ جنوبی ہندوستان کے کئی علاقوں میں بھی شدید بارش دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی طوفان کا سلسلہ آئندہ چند روز تک اسی طرح جاری رہنے رہے گا۔ تمل ناڈو، کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور کرناٹک میں 5 اپریل تک طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ وہیں، شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بھی اس ہفتے بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔رپورٹ کے مطابق جنوبی ہندوستان کے اندرونی حصوں پر کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے، جس کا اثر آنے والے دنوں میں پورے خطے میں نظر آئے گا۔ اس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش، تلنگانہ، جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو اور کیرالہ میں آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بارش کا سلسلہ اگلے چار روز تک جاری رہے گا۔ مقامی موسمی حالات کے حوالے سے رہائشیوں کو چوکس رہنے کو کہا گیا ہے۔ دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہے اور عوام کو گرمی سے راحت مل گئی۔ دہلی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اروناچل پردیش، سکم، لداخ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔خیال رہے کہ مارچ کے مہینے میں بے موسمی بارشوں کے سبب یوپی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کسانوں کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ چونکہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لہذا بقیہ فصلوں پر بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کھیتوں میں فصلیں تباہ ہونے کے سبب گیہوں، سرسوں، سبزی اور پھل مہنگے ہو جانے کا خدشہ ہے۔