نئی دہلی : نیشنل بورڈ آف ایگزامینشنز ان میڈیکل سائنیسز نے نیٹ پی جی 2024 کا انعقاد آج کامیابی کے ساتھ کیا جو حکومت ہند کی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کا ایک خود مختار ادارہ ہے ۔ نیٹ پی جی 2024 کا انعقاد دو شفٹوں میں 170 شہروں میں پھیلے 416 مراکز پر کیا گیا۔ امتحان ایک ہی دن دو شفٹوں میں لیا گیا تاکہ امتحان کے لیے بہترین اور معروف مراکز کا انتخاب کیا جا سکے ۔ این بی ای ایم ایس کے ذریعہ 2,28,540 امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ جاری کئے گئے ۔ جہاں تک ممکن ہو سکا امیدواروں کو ان کی ریاستوں میں امتحانی مراکز الاٹ کیے گئے تھے ۔ نیٹ پی جی کے محفوظ اور احسن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے میڈیکل سائنسیز میں قومی امتحانات بورڈ نے اپنے دوارکا آفس واقع دہلی میں ایک مرکزی کمانڈ سنٹر قائم کیا تھا۔ امتحان کے بارے میں کسی بھی قسم کی غلط معلومات کو روکنے کیلئے میڈیکل سائنسیز میں قومی امتحانات بورڈ نے سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھی ۔ مختلف ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کے ساتھ سخت حفاظتی اقدامات نے نیٹ پی جی کے محفوظ اور احسن انعقاد کو یقینی بنایا ہے اور اس طرح اس امتحان کی سالمیت کو برقرار رکھا گیا ہے ۔