٭ پنجاب اور راجستھان میں 31 مارچ تک مکمل لاک ڈاون ۔ میگھالیہ میں غیر معینہ مدت کا بند
٭ اترپردیش کے 15 اضلاع اور ہریانہ کے سات اضلاع میں مکمل لاک ڈاون
٭ دہلی میں آج صبح سے کامل بند۔ مغربی بنگال کے کولکتہ اور کئی دیگر شہروں میں بھی تحدیدات
٭ تمام میٹرو ٹرینیں بھی روک دی جائیں گی ۔ صرف مال گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت
نئی دہلی 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے تمام بین ریاستی بسوں ‘ مسافر بردار ٹرینوں اور میٹرو ٹرین خدمات کو 31 مارچ تک کیلئے معطل کردیا ہے جبکہ ملک کے 75 اضلاع میں مکمل بند ( لاک ڈاون ) کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ یہ وہ اضلاع ہیں جہاں کورونا وائرس کے کیسیس سامنے آئے ہیں۔ حکام کی جانب سے اس وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اور سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ کابینی سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری برائے وزیر اعظم کے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مختلف ریاستوں کے جن اضلاع میں کورونا وائرس کے کیسیس مثبت پائے گئے ہیں وہاں مکمل لاک ڈاون رہے گا ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ جن ریاستوں میں یہ 75 اضلاع ہیں ان میں اترپردیش ‘ مہاراشٹرا ‘ پنجاب ‘ کرناٹک ‘ ٹاملناڈو اور کیرالا بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے علیحدہ احکام جاری کرتے ہوئے ان 75 اضلاع میں صرف ضروری خدمات کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس وائرس کی منتقلی کے عمل کو روکنے کیلئے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔ اس دوران پنجاب حکومت نے ساری ریاست میں لاک ڈاون کا اعلان کردیا ہے جو 31 مارچ تک رہیگا ۔ اسی طرح راجستھان نے بھی 31 مارچ تک مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔ میگھالیہ میں غیرمعینہ مدت کے لاک ڈاون کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ حکومت ہریانہ نے فرید آباد اور گڑگاوں سمیت 7 اضلاع میں مکمل لاک ڈاون کااعلان کیا ہے ۔ اسی طرح دہلی نے بھی پیر کی صبح 6 بجے سے مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر انیل بائیجل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا اور کہا کہ کوئی عوامی ٹرانسپورٹ کام نہیں کریگا اور دہلی کی سرحدات کو بند کیا جا رہا ہے ۔ صرف صحت ‘ غذآ ‘ پانی اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات کو برقرار رکھا جائیگا ۔ اترپردیش کے 15 اضلاع میں چہارشنبہ تک مکمل لاک ڈاون کا اعلان کردیا گیا ۔ ان میں لکھنو ‘ آگرہ ‘ گوتم بدھ نگر ‘ غازی آباد ‘ وارناسی ‘ الہ آباد ‘ کانپور ‘ علیگڈھ ‘ مراد آباد ‘ لکھیم پور کھیری ‘ بریلی ‘ اعظم گڑھ ‘ میرٹھ ‘ گورکھپور اور سہارنپور شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے اپنے ایک بیان میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں اور گھروں تک محدود رہیں۔ ریاستی چیف سکریٹریز کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تحدیدات اور غیر ضروری حمل و نقل کو روکنے کے اقدامات میں اضافہ کیا جائے ۔ ان میں بین ریاستی ٹرانسپورٹ بسیں بھی شامل ہیں۔ ذرائع حمل و نقل پر 31 مارچ تک تحدیدات ہونگی ۔ ریاستی حکومتوں کی جانب سے اس فہرست میں اپنی اپنی صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 31 مارچ تک تمام ٹرین خدمات معطل کردی جائیں ۔ ان میں سب اربن ریل سروسیس بھی شامل رہیں گی ۔ ملک کے جن جن شہروں میں میٹرو ٹرینیں چلتی ہیں وہ بھی بند رہیں گی ۔ صرف مال گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنی رہے گا ۔ ریلوے نے اپنی جملہ 13,523 مسافر ٹرینوں کو 22 مارچ کی نصف شب سے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ 31 مارچ کی نصف شب تک بند رہیں گی ۔ صرف مال گاڑیاں چلائی جائیں گی ۔ ریلوے نے ہفتے کو تین واقعات کا تذکرہ کیا تھا جہاں وہ لوگ بھی ٹرینوں میں سفر کرتے پائے گئے تھے جنہیں آئیسولیشن میں رہنے کو کہا گیا تھا ۔ ریلوے کی جانب سے جمعہ سے ہی اپنی خدمات میں کٹوتی کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا تاہم اب تقریبا تمام ٹرینوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ انڈین ریلویز کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوائے مال گاڑیوں کے کوئی اور ٹرین پٹریوں پر دوڑتی نظر نہیں آئے گی ۔ جو ٹرینیں اس پابندی کے آغاز سے قبل اپنا سفر شروع کرچکی ہوں انہیں یہ سفر مکمل کرنے کا موقع دیا جائیگا ۔ ریلویز نے اعلان کیا ہے کہ جن مسافرین کی ٹرینیں منسوخ ہو رہی ہیں وہ 21 جون تک اپنی رقومات واپس طلب کرسکتے ہیں۔ اس دوران مغربی بنگال حکومت نے کولکتہ اور کئی دوسرے علاقوں کو پیر کی شام 5 بجے سے 27 مارچ تک کیلئے بند کردینے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی حکومت کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران صرف ضروری خدمات کو ہی برقرار رہنے کی اجازت دی جائے گی ۔ یہ بند ان علاقوںمیں بھی رہیگا جو کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے علاوہ 24 شمالی پرگنا ضلع کے تمام بلدی ٹاونس ‘ مالڈا ‘ مرشد آباد ‘ ناڈیا ‘ مغربی بردوان ‘ شمالی دیناج پور اور ہوڑہ میں بھی یہ پابندیاں رہیں گی ۔ تمام دوکانیں ‘ تجارتی ادارے اور دفاتر ‘ فیکٹریاں اور ورکشاپس وغیرہ بند رہیں گے ۔ اس کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں نے اس وائرس پر قابو اپنے اپنے اپنے طور پر مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے اور عوام سے ان میں تعاون کی اپیل کی ہے ۔
نریندر مودی کا عوام سے اظہار تشکر
نئی دہلی 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے مقابلہ میں سرگرم رہنے والوں سے اظہار تشکر کرنے پر ملک کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ملک نے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا ہے جس نے کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے میں اپنا رول ادا کیا ہے ۔ وہ ملک کے سارے عاوم سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے عوام کو یاد دہانی بھی کروائی تھی کہ انہیں آج جنتا کرفیو کے دوران شام پانچ بجے اپنے گھروں کے باہر جمع ہوکر ان لوگوں سے اظہار تشکر کے طور پر تالیاں بجانے کی خواہش کی تھی ۔ جمعرات کو اپنے قوم سے خطاب میں نریندرمودی نے اس وائرس سے نمٹنے میں ڈاکٹرس ‘ نرسیس ‘ صفائی عملہ ‘ ائر لائین عملہ کے علاوہ میڈیا اور صحافت سے متعلق افراد کے رول کی ستائش کی تھی ۔ مودی نے عوام سے ان سب کا شکریہ ادا کرنے کو کہا تھا ۔