ملک گوتم بدھ کی تعلیمات سے انسانیت کی خدمت میں مصروف :مودی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 7مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے بھگوان گوتم بدھ کی تعلیمات اور الفاظ کو انسانیت کی خدمت میں ہندستان کے عزم کو مضبوط کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہندستان اسی جذبہ کے ساتھ اپنی عالمی ذمہ داریوں پر بھی اتنی ہی سنجیدگی سے عمل کررہا ہے ۔مسٹر مودی نے یہاں بھگوان بدھ کے یوم پیدائش ‘بدھ پورنیما’ کے موقع پر ویشاکھ فیسٹیول کے ورچول انعقاد میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی اور کہاکہ بھگوان بدھ کا ایک ایک الفاظ اور ہر تعلیم انسانیت کی خدمت میں ہندستان کے عزم کو مضبوط کرتی ہے ۔ بدھ ہندستان کے بودھ اور آتم بودھ دونوں کی علامت ہیں۔ اسی آتم بودھ کے ساتھ ہندستان مسلسل پوری انسانیت کے لئے ، پوری دنیا کے مفاد میں کام کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔ ہندستان کی ترقی، ہمیشہ دنیا کی ترقی میں معاون ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی کا پیمانہ اور ہدف دونوں وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں لیکن جس بات کا ہمیشہ خیال رکھنا ہے وہ یہ ہے کہ ہمارا کام مسلسل خدمت کے جذبہ سے ہونا چاہئے ۔ جب دوسرے کے لئے ہمدردی، شفقت اور خدمت کا جذبہ ہوتا ہے تو یہ جذبات ہمیں اتنے مضبوط بنادیتے ہیں کہ ہم بڑے سے بڑے چیلنج پر قابوپاسکتے ہیں۔