’’ملک گیر این آرسی کا فیصلہ نہیں ہوا‘‘

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی)کو ملک بھر کیلئے متعارف کرانے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ، وزارت امور داخلہ نے ایک پارلیمانی پیانل کو یہ بات بتائی۔ منگل کو پارلیمنٹ میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق کانگریس لیڈر آنند شرما کی سربراہی والی پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے امور داخلہ کو حکومتی وزارت نے بتایا کہ حکومت کی مختلف سطحوں پر وقفہ وقفہ سے وضاحت کی جاچکی ہے کہ ابھی تک نیشنل رجسٹر آف انڈین سٹیزنس تشکیل دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ این آر سی کو تازہ اعداد و شمار کے ساتھ صرف آسام میں پیش کیا گیا تاکہ اس ریاست میں مقیم حقیقی ہندوستانی شہریوں کی شناخت کی جاسکے لیکن اس مہم نے ملک گیر ہنگامہ برپا کردیا۔ آسام میں جملہ 3.3 کروڑ افراد نے این آر سی میں شمولیت کیلئے درخواست دی تھی ۔ ان میں سے 3.11 کروڑ کو تازہ دستاویز میں شامل کیا گیا اور 19.06 لاکھ افراد کو این آر سی میں جگہ نہ مل سکی جس کی قطعی رپورٹ اگست 2019 میں شائع کی گئی۔