ملک گیر سطح پر امراوتی میں پٹرول شرح سرفہرست

   

حیدرآباد میں ڈیزل مہنگا ، تیل کمپنیوں پر حکومت کے کنٹرول کو ختم کرنے کے بعد حالات یکسر تبدیل
حیدرآباد۔22نومبر(سیاست نیوز) ملک میں پٹرول کی قیمت سب سے زیادہ امراوتی میں ہے جبکہ ڈیزل سب سے مہنگا شہر حیدرآباد میں ہے۔تفصیلات کے مطابق امراوتی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 80.79 تک پہنچ چکی ہے جبکہ امراوتی میں ڈیزل کی قیمت 69.14 ہے اسی طرح شہر حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت 78.96ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 71.85 تک پہنچ چکی ہے جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ملک کے بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ڈیزل سب سے مہنگا ہے جبکہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی میں پٹرول ملک کے دیگر شہروں سے زیادہ مہنگا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ممبئی میں پٹرول کی قیمت 79.86 روپئے ہے جبکہ ڈیزل 69.06روپئے ہے۔چینائی میں پٹرول 77.14روپئے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل 69.60 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔کولکتہ میں پٹرول کی قیتم 76.89 روپئے فی لیٹر ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 68.25 روپئے فی لیٹر ہے۔بنگلورو میں پٹرول کی قیمت 76.74 ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 68.08 روپئے فی لیٹر ہے۔دہلی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت سب سے کم ہے جہاں پر پٹرول 74.20 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے اور ڈیزل 65.84روپئے فی لیٹر فروخت کیا جا رہاہے ۔حکومت کی جانب سے تیل کمپنیوں پر قیمتوں کے کنٹرول کو ختم کئے جانے کے بعد روزانہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی رونما ہورہی ہے اور تیل کمپنیوں کی جانب سے عالمی بازار میں تیل کی قیمت کے اعتبار سے اپنی قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں جس کے سبب صارفین کو اب یہ بھی احساس نہیں ہے کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں یومیہ کتنا اضافہ ہونے لگا ہے اور روزانہ کے اساس پر قیمتو ںمیں تبدیلی کے سبب کوئی اس جانب توجہ نہیں دے رہا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تیل کی قیمتوں کو نظر انداز کیا جائے لیکن ملک کے میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ ٹرانسپورٹ اور حمل و نقل کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں میں تیل کے استعمال کا باریکی سے حساب کیا جاتا ہے کیونکہ انہیں مسلسل طویل مسافت طئے کرنی ہوتی ہے ۔