نئی دہلی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے آج الزام عائد کیاکہ ملک گیر سطح پر بی جے پی مخالف تمام ووٹ ہندوستان میں حذف کردیئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بے مثال پیمانے پر ہورہا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پر کئی پیغامات تحریر کرتے ہوئے کجریوال نے دعویٰ کیاکہ اُن کے لوگوں کے یا اُن کے رشتہ داروں کے نام رائے دہندوں کی فہرست سے خارج کردیئے گئے ہیں تاہم وہ ناموں کا انکشاف کرنے سے قاصر رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی مخالف تمام ووٹ پورے ہندوستان میں حذف کردینے کی شکایتیں ملک بھر کے مختلف حصوں سے وصول ہورہے ہیں۔ اور یہ اتنے بڑے پیمانے پر کیا جارہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ 91 حلقوں کے لئے آج صبح رائے دہی کا آغاز ہوا تھا۔ اُنھوں نے کئی افراد کو جن کے نام حذف کردیئے گئے ہیں، ٹوئٹر کے ذریعہ دیگر افراد تک پہنچائے۔ اُن میں سے ایک تاجر کرن مجمدار شاہ بھی ہے جس نے کہاکہ اُس کی ماں کا نام حذف کردیا گیا ہے۔