ریاست تلنگانہ میں سال 2019 کے دوران سڑک حادثات میں 6800 افراد کی موت : روڈ سیفٹی کونسل کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ملک بھر میں پیش آنے والے سڑک حادثات میں سالانہ 1.60 لاکھ افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں ۔ روڈ سیفٹی کونسل نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ سال 2019 کے دوران پیش آئے سڑک حادثات میں ریاست تلنگانہ میں جملہ 6800 افراد ہلاک ہوئے ۔ سڑک حادثات میں مہلوکین کے اعداد و شمار پر مبنی جاری کردہ رپورٹ میں روڈ سیفٹی کونسل نے بتایا کہ سڑک حادثات میں مجموعی اعتبار سے روزانہ کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کم از کم 61 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ ممتاز ماہرین ٹریفک ، ٹرانسپورٹ اور پولیس کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک شرائط و ضوابط پر عمل کرنے کے نتیجہ میں سڑک حادثات کے واقعات کا تدارک کیا جاسکتا ہے جب کہ عوام کی کثیر تعداد ٹریفک شرائط و ضوابط پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے سڑک حادثات کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کم از کم جاریہ سال کے دوران سڑک حادثات کے واقعات میں کمی ہونے کا اندازہ لگایا جارہا تھا لیکن ہر روز سڑک حادثات کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ بالخصوص سال نو کے موقعہ پر پولیس کی جانب سے حادثات کے واقعات کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے پیش نظر حادثات کی تعداد میں کمی ممکن ہوسکی ۔ لیکن بعد ازاں روزانہ پیش آنے والے سڑک حادثات کی تعداد کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ اب تک ہی گذشتہ سال کے واقعات کی تعداد میں یکسانیت پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال ماہ جنوری کے دوران جملہ 1907 سڑک حادثات پیش آئے جن میں 484 بھیانک واقعات بتائے جاتے ہیں اور 1423 عام نوعیت کے واقعات پیش آئے ۔ ان تمام واقعات میں جملہ 491 افراد کی موت واقع ہوئی اور 2143 افراد شدید زخمی ہوئے ۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں پیش آئے سڑک حادثات میں مہلوکین کی تعداد کا اندازہ لگانے پر راچہ کنڈہ میں 53 سائبر آباد میں 43 ،سنگاریڈی میں 32 ، ورنگل میں 29 نظام آباد میں 25 ، میدک میں 25 اموات واقع ہوئی ہیں ۔ مزید بتایا جاتا ہے کہ ماہ جنوری میں ضلع راجنا سرسلہ میں ایک بھی موت درج نہیں ہوئی ۔۔