ملک ہمہ جہت ترقی کی راہ پر گامزن

   

بی جے پی کی وجئے سنکلپ یاترا سے ایٹالہ راجندر کا خطاب
میدک ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسٹر ایٹالہ راجندر بھارتیہ جنتا پارٹی قومی ورکنگ رُکن نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں کانگریس سرکار اپنی چھ ضمانتوں پر عمل آوری نہ کرسکی تو اس کا حال بھی بہت جلد کے سی آر کی بی آر ایس جیسا ہوگا ۔ مسٹر ایٹالہ میدک کے رام داس جنکشن پر بھاجپا کی جانب سے نکالی گئی ’’وجئے سنکلپ یاترا برائے پارلیمانی انتخابات ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔مسٹر ایٹالہ نے کہاکہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ آٹو ڈرائیورس کو ماہانہ 12 ہزار روپئے امداد جاری کرے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ ریلوے ، ہائی ویز کی ترقی کے ساتھ ساتھ اسٹیشنوں کو بھی خوبصورت بنایا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کورونا جیسے مشکل ترین دنوں میں بروقت ویکسین کی سربراہی کا کریڈیٹ مودی جی کے سر جاتا ہے ۔ بھاجپا کے ترجمان اعلیٰ تلنگانہ محترمہ رانی رودرما دیوی نے کہاکہ اگر پارلیمانی انتخابات میں بی آر ایس کو ووٹ دیا جائے تو سمجھ لو کہ اپنا قیمتی ووٹ پانی کے نذر کردیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس کا ’’انڈیا ‘‘ اتحاد یکسر ناکام ہوگا ۔ نریندر مودی کی حکومت کا ہیٹ ٹرک کرنا یقینی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس پورے ملک میں 40 نشستوں پر بھی کامیاب نہیں ہوسکے گی ۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ بتایا کہ کانگریس پارٹی جھوٹ کی ضمانت ہے جبکہ مودی سرکار سچ کی ضمانت ہے ۔ اس سنکلپ یاترا پروگرام کی صدارت صدر ضلع میدک بھاجپا مسٹر گڈم سرینواس نے کی ۔ اس موقع پر مقامی قائد ین پرساد کے علاوہ بھاجپا کارکن اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی ۔