تلنگانہ میں ماویسٹ سرگرمیوں میں اضافہ کے بعد پولیس کی تلاشی مہم
حیدرآباد۔ پولیس نے ملگ ضلع میں سی پی آئی ماویسٹ سے تعلق رکھنے والے 7 کارکنوں کو گرفتار کرلیا جو 18 مختلف واقعات میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ ممنوعہ سی پی آئی ماویسٹ کی تلنگانہ کے بعض اضلاع میں بڑھتی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ملگ اور دیگر علاقوں میں پولیس نے تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پامنور جنگلاتی علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران پولیس کو بعض مسلح افراد دھماکو اشیاء کے ساتھ پائے گئے جو پولیس عہدیداروں کو ہلاک کرنے کیلئے بارود بچھارہے تھے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ماویسٹوں نے بھاگنے کی کوشش کی ان میں سے 7 کو حراست میں لے لیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سنگرام سنگھ پاٹل نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ماویسٹوں نے اعتراف کیا کہ وہ سی پی آئی ماویسٹ سے گذشتہ چند برسوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے نکسلائٹس سرگرمیوں میں نہ صرف تعاون کیا بلکہ پولیس کی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع دی۔ ماویسٹوں کو غذا اور پناہ گاہ کی فراہمی ان کی ذمہ داری تھی۔ گرفتار شدگان بارودی سرنگ دھماکوں اور دیگر تخریبی کارروائیوں کیلئے ماویسٹوں کو ٹریننگ دے رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی علاقوں میں بارودی سرنگ بچھاتے ہوئے پولیس کو نشانہ بنانے کی تیاری کی گئی تھی۔ سرگرمیوں کے بارے میں پولیس کو اطلاع ملتے ہی جنگلاتی علاقے میں تلاشی مہم انجام دی گئی۔ ماویسٹوں کے قبضہ سے 9 لینڈ مائنس، ڈیٹونیٹرس، الیکٹرک وائر، بیاٹریز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔