پنے ۔ 7 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے دوملیالی چینلوں پرپابندی پر کہا کہ مودی حکومت میڈیا کی آزادی کے تئیں اپنے عہد کی پابند ہے اور اس نے یہ پابندی فوراً ہٹالی ہے اور اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔مسٹر جاوڈیکر نے آج جن اوشدھی کیندر پروگرام سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ایمرجنسی کے دوران اس وقت کی حکومت نے سنسرشپ عائد کردی تھی اور ہم نے اس کی مخالفت کی تھی اور وہ خود 16ماہ جیل میں تھے او رکئی دیگر افراد بھی پندرہ’اٹھارہ یا بیس ماہ جیل میں رہے تھے ۔مودی حکومت میڈیا کی آزادی کے عہد کی پابند ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیرالا کے دو چینلوں کو 48گھنٹے بند کرنے کا حکم اطلاعات و نشریات کی وزارت نے جاری کیا تھا۔ ان چینلوں نے کچھ ایسے الفاظ استعمال کیے تھے جو متنازعہ تھے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان کی براڈکاسٹنگ پھر شرو ع کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس معاملے پر تشویش کااظہار کیا ہے اور تفصیلات معلوم کی ہیں۔ مسٹر جاوڈیکر نے کہا ‘ہم اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں کہ کن افسران کے کہنے پر یہ پابندی عائد کی گئی۔انہوں نے یقین دلایا کہ مودی حکومت میڈیا میں اظہار رائے کی آزادی کے سلسلے میں اپنے عہد پر قائم ہے لیکن یہ آزادی ذمہ داری کے ساتھ استعمال کی جانی چاہئے ۔ مسٹر جاوڈیکر نے کہا میں دہلی جاکر اس پورے معاملے کو دیکھوں گا اور ضروری ہدایت دوں گا۔خیال رہے کہ ان دونوں چینلوں پر کل شام ساڑھے سات بجے سے لے کر آٹھ مار چ کی شام سات بجے تک کے لیے پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جس پر صحافیوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔