فوری مدد کے لیے مرکز اور ریاست سے اپیل، مقامی تنظیم کی جانب سے اناج کی سربراہی
حیدرآباد۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) ملیشیاء میں کورونا وباء کے سبب لاک ڈائون کے نتیجہ میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے باشندوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے اپیل کی ہے کہ ان کی بحفاظت واپسی کا انتظام کرے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ملیشیاء کی کور کمیٹی کی جانب سے نظام آباد، کریم نگر اور عادل آباد اضلاع سے تعلق رکھنے والے ورکرس کو امداد فراہم کی جارہی ہے۔ کور کمیٹی کے صدر چٹی بابو اور کمیٹی کے ارکان نے متاثرہ اور پریشان حال تلنگانہ کے باشندوں کو چاول، ترکاری اور دیگر اناج تقسیم کیا ہے۔ کورونا وائرس سے شدید متاثرہ اس ملک میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں غیر ملکی باشندے روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سبب معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ متاثرین نے ٹی آر ایس کور کمیٹی ملیشیاء کی ستائش کی اور ساتھ میں چیف منسٹر کے سی آر سے اپیل کی کہ وہ ان کے تحفظ اور توجہ دیں۔ متاثرین نے کہا کہ صورتحال انتہائی ابتر ہے اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ وائرس کے پھیلائو کے نتیجہ میں کوئی بھی اپنی زندگی اور موت کے بارے میں غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو پریشان حال ہندوستانیوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہئے۔ ٹی آر ایس کور کمیٹی ملیشیاء نے ہندوستانی ورکرس میں ماسکس اور دیگر ضروری اشیاء سربراہ کئے۔