ملیشیاء کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کا دورہ مفخم جاہ انجینئرنگ کالج

   

وزیر زراعت محمد سابو اور ڈپٹی منسٹر دفاع عدلی ظہری نے سلطان العلوم اداروں کی کارکردگی کو سراہا
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) ملیشیاء حکومت کے 22 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور کالج کی کارکردگی کی ستائش کی۔ اعلیٰ سطحی وفد میں ملیشیاء کے وزیر زراعت و فوڈ سیکوریٹی محمد سابو اور ڈپٹی منسٹر برائے دفاع عدلی ظہری شامل تھے۔ ملیشیاء حکومت کے مختلف محکمہ جات اداروں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے کالج کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے سکریٹری ظفر جاوید، جوائنٹ سکریٹری عامر جاوید اور بورڈ ممبر نثار احمد نے مہمان وفد کا استقبال کیا اور انہیں تفصیلات سے واقف کرایا۔ بات چیت میں تعلیم، زراعت، فشریز اور دیگر شعبہ جات میں ہندوستان کے ساتھ اشتراک پر کا جائزہ لیا گیا۔ ملیشیاء کی وفد نے ہندوستان میں تعلیمی نظام کی ستائش کی اور سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ عامر جاوید نے مختلف اداروں کی تفصیلات پر مبنی پرزنٹیشن دیا جن میں اسکولس، جونیر کالجس، انجینئرنگ، فارمیسی، لاء، بزنس ایڈمنسٹریشن اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ ظفر جاوید نے کہا کہ ملیشیاء کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ سے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کو عالمی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے۔ ملیشیاء کے وزیر زراعت محمد سابو نے کہا کہ ملیشیاء اور ہندوستان تعلیم اور ریسرچ کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ڈپٹی منسٹر عدلی ظہری نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلیم اور ثقافت کے شعبہ میں استحکام میں سلطان العلوم ادارہ اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ 1