کوالالمپور ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا میں تبلیغی اجتماع کے موقع پر آئے سینکڑوں افراد کو فبروری کے اواخر میں روک دیا گیا تھا اور ایک مسجد میں انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ ان کا کوروناوائرس ٹسٹ کیا گیا جس کے نتیجہ کا انتظار ہے۔ ملیشیا کے تبلیغی اجتماع میں تقریباً 16 ہزار افراد نے شرکت کی تھی جس کے منجملہ 14500 کا تعلق ملیشیا سے تھا۔ ملیشیا میں تاحال 900 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں نصف مریض کا تبلیغی اجتماع سے تعلق رہا ہے۔ ملک میں کوروناوائرس سے 34 سالہ ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جس نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔