کوالا لمپور 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آج نئے سلطان کا انتخاب کرلیا ہے اور امکان ہے کہ انہیں نیا بادشاہ مقررکردیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ سابق شاہ نے گدشتہ دنوں اس عہدہ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جبکہ ان کی سابق روسی ماڈل سے شادی پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔ صدارتی محل کے ایک سینئر عہدیدار کے بموجب ٹینگکو عبداللہ شاہ اب اپنے والد سلطان احمد شاہ کی جگہ ملک کے نئے بادشاہ ہونگے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے برناما نے یہ اطلاع دی ۔ مقامی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ سلطان عبداللہ کو ملک کا آئندہ بادشاہ منتخب کرنے کیلئے یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ ملیشیا کی کونسل آف رولرس کی جانب سے 24 جنوری کو نئے بادشاہ کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔ ملیشیا ایک دستوری شاہی مملکت ہے جہاں ایک مثالی نظم ہے جہاں قومی تاج ہر پانچ سال میں ملک کی نو ریاستوں کے حکمرانوں میں تقسیم ہوتا ہے ۔ پہانگ ریاست سے ملک کے نئے بادشاہ کا انتخاب ہونا ہے ۔ گذشتہ اتوار کو بادشاہ کی حیثیت سے سلطان محمد پنجم نے اپنے عہدہ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور یہ انتہائی غیر متوقع تھا ۔ بادشاہت پر ان کے صرف دو سال پورے ہوئے تھے جبکہ ان کی معیاد پانچ سال کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ انہوں نے ماہ نومبر میں روس کی ایک سابقہ حسینہ سے شادی کرلی تھی جس پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا ۔ 1957 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ملیشیا میں کسی بادشاہ نے علیحدگی اختیار کرلی تھی ۔ شاہی عہدیداروں نے ابھی تک ا شادی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا تاہم یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے سلطان محمد پنجم کو علیحدگی اختیار کرنی پڑی ہے ۔ سلطان عبداللہ شاہ 59 سالہ ہیں اور وہ اسپورٹس کے شعبہ میں مقبولیت رکھتے ہیں۔