کوالا لمپور 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملیشیائی حکام نے کہا کہ انہوں نے ایک کشتی سے 202 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو سمجھا جاتا ہے کہ اقلیتی مسلم روہنگیاء پناہ گزین ہیں۔ ان کی کشتی اتوار کی صبح شمالی ریسارٹ جزیرہ لانگکاوی کے قریب پائی گئی تھی ۔ ایک بحری عہدیدار نے بتایا کہ ان پناہ گزینوں میں 152 مرد 45 خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ پناہ گزینوں نے عہدیداروں کو بتایا کہ سمندر ہی میں سے کشتی کا کپتان اور دو دوسرے ذمہ دار فرار ہوگئے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے ہی ان افراد کو اسمگل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ بحری حکام کی جانب سے ان تمام کے کورونا معائنے کروائے جا رہے ہیں تاکہ ان کے ذریعہ وائرس کے امکانی پھیلاو کو روکا جاسکے ۔ ان تمام روہنگیائی باشندوں کو مزید تحقیقات کیلئے بحریہ کے دفتر لیجایا گیا ہے اور پھر بعد میں انہیں امیگریشن محکمہ کے حوالے کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ یہ پناہ گزین کس ملک سے روانہ ہوئے تھے اوریہاں تک کس طرح پہونچ گئے ۔