شہریت ترمیمی قانون ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج کامیاب بنانے شہریان دکن کا عہد
حیدرآباد۔3جنوری(سیاست نیوز) ملین مارچ میں شہر کے ہر طبقہ نے حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور مختلف گوشوں سے ملین مارچ کو کامیاب بنانے کی صرف اپیلوں کے بجائے عملی اقدامات کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ شہر میں منعقد ہونے والے ملین مارچ میں شرکت کے لئے دونوں شہروں کے کئی تاجرین اور اسکولوں کے ذمہ داروں نے رضاکارانہ طور پر بند کا اعلان کیا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ہونے جا رہے پہلے عوامی احتجاج میں شرکت کیلئے تجارتی برادری کے علاوہ شہر کے کئی سرکردہ اسکولوں کے ذمہ داروں نے تعطیل یا نصف یوم کے اسکول چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اندرا پارک پر منعقد ہونے والے احتجاجی ملین مارچ میں حصہ لیں اور شہریت ترمیم قانون ‘ این آر سی اور این پی آر کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ اندرا پارک پر ملین مارچ کو پولیس کی جانب سے اجازت کی فراہمی کے بعد آپٹیکلس اسوسیشن‘ جگدیش مارکٹ اسوسی ایشن ‘ رام کوٹ کنگ کوٹھی موٹر وہیکل اسوسیشن‘ پتھرگٹی ‘ پٹیل مارکٹ‘ مدینہ بلڈنگ ‘ ٹولی چوکی ‘ بارکس‘ عنبرپیٹ کے علاوہ دیگر تجارتی علاقوں کے تاجرین نے اپنے تجارتی اداروں کو مکمل بند رکھتے ہوئے احتجاج میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں نے 4جنوری کو ہونے والے مارچ میں حصہ لینے کے لئے نصف یوم تک اسکول چلانے کا اعلان کیا ہے اور اسکولی طلبہ اور ان کے والدین وسرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ ملین مارچ میں حصہ لیں۔ تاجرین کتب ‘ تاجرین پارچہ‘ کرانہ ہول سیل و ریٹیل ‘ تاجرین موٹر وہیکل کے علاوہ چھتہ بازار پرنٹنگ مارکٹ اور شہر کی کئی ریستوراں اور ہوٹلوں کے ذمہ داروں نے بھی بند کا اعلان کیا ہے اور اس رضاکارانہ بند میں شہر کے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے بھی حصہ لیئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ شہر کے تجارتی علاقو ںمیں فٹ پاتھ پر تجارت کرنے والے چھوٹے بیوپاریوں نے بھی 4جنوری کو ملین مارچ میں حصہ لینے کیلئے کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جگدیش مارکٹ میں موبائیل فون تاجرین کی جانب سے بھی ظہر کے بعد کاروبار مکمل بند کرتے ہوئے اندرا پارک پہنچنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اسی طرح ترپ بازار ‘ عابڈز‘ نامپلی ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ کالا پتھر ‘ بہادرپورہ کے علاوہ دیگر علاقوں کے تاجرین نے بھی بند میں حصہ لیتے ہوئے اپنے افراد خاندان کے ساتھ ملین مارچ میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اذان اسکول نے اپنے اسکول کے طلبہ کے والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ مطلع کیا کہ اسکول 12:30تک کام کرے گا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ بھی احتجاجی ملین مارچ میں حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔مشیر آباد انجمن تاجران چرم کی جانب سے ملین مارچ کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے تجارت کو بند رکھنے اور مارچ میں حصہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔شہر کے کئی دینی مدارس کے طلبہ اور ذمہ داروں نے ملین مارچ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس مارچ کا حصہ بنیں۔