حیدرآباد/9 جنوری، ( سیاست نیوز) متنازعہ شہریت قانون و این آر سی کے خلاف جدوجہد کیلئے تشکیل دی گئی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے آج صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین سے ملاقات کی اور ملین مارچ کے بعد پولیس کی جانب سے آرگنائزر اور شرکا کے خلاف مقدمات درج کرنے کی شکایت کی ۔ صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کی قیادت میں وفد نے کمیشن سے خواہش کی کہ وہ بے جا مقدمات کے سلسلہ میں پولیس سے وضاحت طلب کرے اور مقدمات سے دستبرداری کی ہدایت دی جائے۔ صدر نشین کمیشن نے اس سلسلہ میں کارروائی کا تیقن دیا اور کہا کہ اس معاملہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کریں گے۔ مشتاق ملک نے بتایا کہ ملین مارچ کے پرامن اختتام کے باوجود مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کرکے ہراساں کیا جارہا ہے۔ پولیس کی جانب سے نوٹسوں کی اجرائی کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی گئی۔ وفد میں ایم بی ٹی ترجمان امجد اللہ خاں خالد، کانگریس قائد شیخ عبداللہ سہیل، عبدالستار ( آواز کمیٹی ) و دیگر موجود تھے۔