طلبہ کو تکنیکی تعلیم سے بھرپور فائدہ اٹھانے جی کشن ریڈی اور محمد محمود علی کا مشورہ
حیدرآباد: ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ جدید دور میں تکنیکی تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ حکومت تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے اور طلبہ کیلئے نئے نئے کورسیس متعارف کراتے ہوئے ملک اور بیرون ممالک میں انہیں ملازمت کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ ملے پلی میں واقع گورنمنٹ آئی ٹی آئی کالج کی جدید عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی، ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو، وزیرلیبر ملاریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ ملے پلی آئی ٹی آئی کالج کا قیام 1954 میں عمل میں آیا۔ طلبہ کو اس آئی ٹی آئی میں جملہ 28 ٹریڈ کورسیس کی تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ملے پلی آئی ٹی آئی کو ماڈل آئی ٹی آئی کا درجہ دیا گیا ہے اور 892 طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ محمد محمود علی نے طلبہ برادری سے اپیل کی ہیکہ وہ تکنیکی کورسیس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا مستقبل روشن کریں۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک بھر میں 15 ہزار آئی آئی ٹیز کو ماڈل آئی ٹی آئیز میں تبدیل کررہی ہے۔ ہر آئی آئی آئی کا بجٹ 10 کروڑ روپئے رکھا گیا ہے جس میں مرکزی حکومت 7 کروڑ روپئے جاری کررہی ہے اور ریاستی حکومت کو 3کروڑ روپئے خرچ کرنا ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومت کے اشتراک وتعاون سے ملے پلی کا قدیم آئی ٹی آئی ماڈل آئی ٹی آئی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ جی کشن ریڈی نے آئی ٹی آئیز کے ذمہ داروں اور محکمہ تکنیکی تعلیم کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے نئے نئے تکنیکی کورسیس کو تیار کریں تاکہ آئی ٹی آئی کی تعلیم و تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو آسانی سے ملازمت کے مواقع دستیاب ہو۔ مارکٹ کا سروے کرتے ہوئے ڈیمانڈ کے مطابق تکنیکی کورسیس کو ڈیزائن کریں۔