ممبئی۔دبئی فلائیٹ میں تکنیکی خرابی، اڑان میں تین گھنٹے تاخیر

   

ممبئی : ایر انڈیا کی ممبئی۔دبئی فلائیٹ کو منگل کی شام چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اُڑان بھرنے سے عین قبل تکنیکی خرابی پیدا ہوجانے پر روک لیا گیا۔ ایرپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ایک انجن میں خرابی پیدا ہوجانے کے سبب طیارہ کو ٹیک آف کی اجازت نہیں دی گئی۔ لگ بھگ 240 مسافرین طیارہ میں سوار تھے ، جنہیں اتار لیا گیا۔ بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق برہم مسافرین نے تقریباً دو گھنٹے کافی گڑبڑ کی لیکن ایرپورٹ کے عہدیداروں نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ زائد از تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد یہ فلائیٹ آخرکار رات 10.45 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوئی۔ بعض مسافرین نے سوشیل میڈیا پر ویڈیو شیئر کئے ہیں۔
سیول سکریٹریٹ جموں میں آگ
جموں: جموں میں سول سکریٹریٹ عمارت کی بالائی منزل میں بدھ کی دو پہر کو آگ نمودار ہوگئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیول سکریٹریٹ جموں عمارت کی بالائی منزل میں بدھ کی دو پہر کو آگ نمودار ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس آگ بھجانے کے لئے جائے موقع پر پہنچ گئے ۔بعض ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے کچھ ریکارڈ کو نقصان پہنچا ہے اور پہلے ملازموں کو صحیح سلامت باہر نکالنے کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔