ممبئی۔ کولکاتا انڈیگو پرواز میں ہنگامہ، گھبراہٹ کےشکار مسافر کو تھپڑ، ملزم سکیوریٹی کے حوالے

   

نئی دہلی۔ یکم ؍ اگست (یواین آئی) ایئر لائن انڈیگو کی پرواز میں ایک مسافر کے دوسرے کو تھپڑ مارنے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔اس واقعے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسافر نے کسی بات پر دوسرے کو تھپڑ مار دیا۔ قریب ہی کھڑا عملہ کا ایک رکن مداخلت کرتا ہوا نظر آتا ہے ۔ ایئرلائنز نے ایک بیان میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا جس میں ایک مسافر کے ناروا سلوک کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ واقعہ ممبئی سے کولکاتہ جانے والی فلائٹ نمبر 138 کا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافر کو کولکاتہ اترنے پر سیکورٹی ایجنسیوں کے حوالے کر دیا گیا۔ اس نے اس طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔ ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ عملے کے ارکان نے معیاری آپریٹنگ طریق کار کے مطابق کام کیا اور ملزم مسافر کو سکیورٹی اداروں کے حوالے کردیا۔ اس بارے میں تمام ریگولیٹری ایجنسیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ اس نے کہا کہ ایئر لائن کمپنی تمام مسافروں کو ایک محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔