ممبئی انڈینز نے امریکہ لیگ بھی جیت لی

   

نیویارک ۔ ممبئی انڈینز جو اب تک آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں سے ایک تھی۔ اس نے اب امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ میں بھی اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ اور اس کا ثبوت نیا خطاب ہے جو اس نے وہاں جیتا ہے۔ ممبئی انڈینز نے ایم ایل سی کے پہلے سیزن کا فائنل جیت لیا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس لیگ کا پہلا چمپئن بننے کا حق بھی حاصل کرلیا ہے۔ امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ میں ممبئی انڈینز نیویارک کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر تھی لیکن وہاں سے اس ٹیم نے چمپئن بننے تک کا سفر مکمل کیا۔ ویسے پیچھے سے واپس آنا ممبئی انڈینز فرنچائزکی پرانی عادت رہی ہے۔ یہ آئی پی ایل میں اس ٹیم کی پہچان ہے اور اب میجر لیگ کرکٹ میں بھی ایسا ہی دیکھنے میں آیا ہے۔ممبئی انڈینز نے نیویارک کے ایم ایل سی کے پہلے سیزن کا فائنل 7 وکٹوں سے جیت لیا اس کے ساتھ ہی ممبئی انڈینز نے ٹی ٹوئنٹی میں 9واں خطاب اپنے نام کیا۔ ٹی 20 لیگ میں ممبئی انڈینزکا یہ 9واں خطاب ہے۔ ممبئی انڈینز کا 9 ٹی ٹوئنٹی خطاب تک پہنچنے کا سفر سال2011 میں شروع ہوا، جب اس نے پہلی بار چمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی جیتی۔ دو سال بعد ممبئی فرنچائز نے پہلی بار آئی پی ایل کا تاج اپنے نام کیا۔ 2015 میں دوسری بار یہ خطاب جیتا تھا۔ اس کے بعد 2017، 2019 اور 2020 میں بھی آئی پی ایل کی چمکتی ہوئی ٹرافی اپنے نام کی۔ سال 2023 میں ممبئی انڈینز آئی پی ایل خطاب جیتنے سے محروم رہے لیکن انہوں نے ایسے دو ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ جیتے جو پہلی بار منعقد کیے گئے ہیں۔ ممبئی انڈینز نے سال2023 میں پہلی بار ویمنز پریمیئر لیگ کا خطاب جیتا تھا اور اب انہوں نے امریکہ میں کھیلی گئی میجر لیگ کرکٹ کا پہلا سیزن بھی جیت لیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹی ٹوئنٹی لیگ چاہے ہندوستان کی ہو یا امریکہ کی چمپئن اور کامیاب ترین ٹیم صرف ایک ممبئی انڈینز ہے۔