ممبئی ایئرپورٹ پر طیارہ رَنوے سے پھسل کر دو ٹکڑے ہوگیا، 8 افراد زخمی

   

ممبئی: جمعرات کے روز ممبئی ایئرپورٹ پر ایک چارٹرڈ طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں عملہ کے ایک رکن سمیت کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 ستمبر کو لینڈنگ کرتے وقت پرائیویٹ چارٹرڈ طیارہ رَنوے پر پھسل گیا اور دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔ اس طیارہ میں 6 مسافر اور 2 کرو ممبرس سوار تھے۔ میڈیا کے مطابق اس طیارہ حادثہ میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ ڈی جی سی اے نے اس حادثہ کے بارے میں بتایا کہ وشاکھاپٹنم سے ممبئی کے لیے پرواز بھرنے والا وی ایس آر ونچرس لیئرجیٹ 45 طیارہ وی ٹی۔ڈی بی ایل ممبئی ہوائی اڈے پر رَنوے۔27 پر اترتے وقت پھسل گیا۔ طیارہ میں 6 مسافر اور 2 کرو ممبرس سوار تھے۔ زوردار بارش حادثہ کا سبب ہوسکتی ہے۔ طیارہ شدید بارش کے درمیان لینڈنگ کے دوران رن وے سے ہٹ گیا اور گر کر تباہ ہوگیا۔ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔