ممبئی۔ 9اگست (یو این آئی) ممبئی میں کسٹمز حکام نے ہفتہ کے روز ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بنکاک سے آنے والے ایک مسافر کو زندہ جنگلی جانور کی اسمگلنگ کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ یہ مسافر، جس کا نام شارق خان محمد حسان بتایا گیا، ٹرالی بیگ میں مختلف نایاب جانور چھپائے ہوئے تھا ۔ذرائع کے مطابق بیگ کی جانچ کے دوران دو کنکاجوس (پوٹو فلاوس)، دو پگمی مارموسیٹس (سیبویلا ایس پی ) اور 50 البینو سرخ کان والے سلائیڈرز برآمد ہوئے ۔ کنکاجوس اور پگمی مارموسیٹس جنگلی جانوروں اور نباتات کی نایاب نسلوں میں شامل ہیں جنہیں کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ اِن اینڈینجرڈ اسپیشیز (CITES) کے تحت عالمی سطح پر تحفظ حاصل ہے اور یہ ہندوستان کے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 میں بھی درج ہیں، جبکہ البینو ریڈ ائیرڈ سلائیڈرز اس قانون یا سائٹس کے تحت شامل نہیں ہیں۔ کسٹمز نے شارق خان کو کسٹمز ایکٹ 1962 اور وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کی دفعات کے تحت گرفتار کیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔ اسی دوران، ممبئی ایئرپورٹ پر دو الگ کارروائیوں میں بڑی مقدار میں سونا اور منشیات ضبط کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ ایک کارروائی میں ایئر لائن کے ایک ملازم سے 2.78 کروڑ روپے مالیت کے 3 کلو سونے کو برآمد کیا گیا، جسے موم کے ساتھ دھول کی شکل میں 24 قیراط خالص حالت میں خصوصی بیلٹ کے ذریعے زیر جامہ میں چھپایا گیا تھا۔ سونا چھ کیپسول نما یونٹوں میں پیک کیا گیا تھا۔ دوسری کارروائی میں بنکاک سے آئے ایک مسافر کے سامان سے 947 گرام ہائیڈروپونک چرس برآمد ہوئی، جو ویکیوم سے بند پلاسٹک پیکٹوں میں ٹرالی بیگ کے اندر چھپائی گئی تھی۔ ان تمام معاملات پر قانونی کارروائی جاری ہے ۔