ممبئی۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ایک زمانے میں ممبئی پولیس میں اپنا دبدبہ بنانے والے اور جرائم پیشہ افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کا ریکارڈ رکھنے والے رٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شمشیر خان پٹھان کو آج یہاں ممبئی کے ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں گنجان مسلم آبادی والے علاقہ ناگپاڑہ کے مورلینڈ روڈ میں شہری ترمیم قانون کے خلاف ممبئی باغ میں مسلم خواتین کی جانب سے جاری پرامن احتجاج میں پولیس کی جانب سے جاری نوٹس کی خلاف ورزی کے معاملہ میں 4گھنٹے تک پولس حراست میں رکھنے کے بعد رہاکیاگیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شمشیر خان پٹھان ممبئی باغ میں مردوں کی اس ٹیم میں شامل ہیں جو اس کے انتظامات کرتی ہے ۔اطلاعات کے مطابق شمشیر خان پٹھان کو ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن نے کریمنل پروسیجر کورٹ کی دفع149کے تحت نوٹس جاری کیا تھا اور یہ وارننگ دی تھی کہ وہ ممبئی باغ سے غیر قانونی اجتماع کا حصہ نہ بنیں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔