ممبئی بلڈنگ انہدام میں مرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی

   

Ferty9 Clinic

ممبئی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) NDRF حکام کے مطابق ممبئی کی تنگ و تاریک علاقہ ڈونگری میں قدیم بلڈنگ انہدام کے واقعہ میں مرنے والے افراد کی تعداد 13 تک پہنچ گئی اور بچائو راحت کاری اقدامات ابھی تک جاری ہیں 13 مہلوکین میں 6 مرد، 4 خواتین اور 3 کمسن شامل ہیں۔ NDRF پی آر او سچیدانند گوڑے نے کہا کہ زخمی افراد کا مختلف ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ گوڑے نے کہا کہ بچائو راحت کاری اقدامات جاری ہیں اور اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ پورا ملبہ صاف نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ گرائونڈ فلور پر ایک کینٹین واقع تھی لیکن کسی کو اطلاع نہیں ہے کہ اس میں کتنے افراد اس وقت موجود تھے۔ ممبئی فائر بریگیڈ چیف ٹی ایس رہنگ ڈیل نے کہا کہ ان کی ٹیم کے ارکان دو کمسن لڑکیوں کو جن کی عمریں چھ تا سات اور ایک چار سال ہے۔ فائر بریگیڈ عملہ نے نکالا اور ان دونوں کو فوری طور پر جے جے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دونوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ ممبئی پولیس نے بچائو راحت کاری کے سلسلہ میں روشنی کا انتظام کیا ہے۔ اس حادثہ کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بی ایم سی عہدیداروں کے مطابق حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ مقامی ایم ایل اے امین پٹیل نے کہا کہ وہ جلد ہی چیف منسٹر فڈنویس سے ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ متاثرین کو کثیر معاوضہ ادا کیا جاسکے۔