ممبئی بم دھماکہ ملزم کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیاجائے گا

   

ممبئی:7/13ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ مقدمہ کا سامنا کررہے ایک ملزم کو ممبئی سیشن عدالت نے آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ سینٹرل جیل میں منتقل کیئے جانے کا حکم جاری کیا کیونکہ اس کے اہل خانہ کو ملزم سے ملاقا ت کرنے میں شدید دقت درپیش تھی، ملزم ہارون عبدالرشید نائیک گذشتہ آٹھ سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے جسے اب تلوجہ سینٹرل جیل منتقل کیا جائے گا۔ملزم ہارون نائیک کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعی علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے وکیل شریف شیخ نے ممبئی سٹی سول اینڈ سیشن عدالت میں قائم خصوصی مکوکا عدالت میں ایک عرضداشت داخل کرکے عدالت سے ملزم کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیئے جانے کی گذارش کی تھی۔دفاعی وکیل کی جانب سے جیل منتقلی کی درخواست پر عدالت نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کی تھی، رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایڈوکیٹ شریف شیخ نے دوران بحث عدالت کو بتایا کہ ملزم کے اہل خانہ ممبرا میں رہتے ہیں اور جب وہ ملزم سے ملاقات کرنے آرتھر روڈ آتے ہیں توان کا پورا دن ضائع ہوتا ہے اور وہ اکثر ملاقات بھی نہیںکرپاتے لہذا ملزم کو آرتھرروڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیا جائے۔دوران بحث ایڈوکیٹ شریف شیخ نے عدالت میں سپریم کورٹ آف انڈیا کے ایک فیصلہ کا حوالہ بھی دیا جس میں عدالت نے کہا کہ قیدیوں کو ان کے گھر کے قریب والی جیل میں رکھنا چاہئے تاکہ اس کے اہل خانہ اس سے ملاقات کرسکے اور وہ جیل میں اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریںکیونکہ قیدیوں کا ان کے اہل خانہ اور وکلاء سے ملنا حق ہے۔