ممبئی ۔ 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر مہاراشٹرا پرکاش مہتا کے حامیوں نے اپنے لیڈر کو گھاٹ کوپر سے ٹکٹ نہ دئے جانے پر پارٹی امیدوار پراگ شاہ کی کار پرحملہ کردیا اور توڑ پھوڑ کی ۔ پولیس نے بتایا کہ 11.15 بجے دن جب پراگ شاہ اپنا پرچہ داخل کرنے جا رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ جب شاہ بی جے پی کارکنوں کے ایک گروپ کے ساتھ پرچہ داخل کرنے روانہ ہوئے تو پرکاش مہتا کے حامی وہاں پہونچ گئے اور انہوں نے شاہ کی کار روک دی ۔ مہتا کے حامی اس بات پر برہم تھے کہ ان کے لیلار کو گھاٹ کوپر ایسٹ سے ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے جہاں سے انہوں نے 2014 میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کار کے شیشے توڑ دئے اور نقصان پہونچایا ۔ پراگ شاہ کار میں بیٹھے رہے تاہم جب ہجوم بڑھنے لگا اور ٹریفک متاثر ہوئی تو پولیس حرکت میں آئی اور ہنگامہ کرنے والوں کو منتشر کردیا ۔ پرکاش مہتا کے حامیوں نے پراگ شاہ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی ۔
