ممبئی: راج بھون کی مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت دی جائے : رضا اکیڈیمی

   

ممبئی: رضا اکیڈیمی نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ راج بھون کی مسجد کو نماز کے لئے کھولا جائے۔ اس کے تعلق سے رضا اکادمی کی جانب سے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو ایک مکتوب پیش کیا گیا ہے۔گورنر کو پیش کئے گئے مکتوب میں رضا اکادمی نے کہا ہے کہ ریاست مہاراشٹر میں تمام مذہبی مقامات کھول دئے گئے ہیں اور اس سے ریاست کے تمام باشندگان خوش بھی ہیں۔ یہاں تک کہ لوگوں نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔رضا اکادمی نے جو مکتوب گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو ارسال کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ریاست میں تمام مذہبی مقامات کو کھول دیا گیا ہے لیکن راج بھون میں واقعہ مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے جانے والے 5 سے 7 لوگوں کو بھی منع کر دیا گیا۔ لہذا گورنر سے گزارت ہے کہ وہ ملازمین کو حکم دیں کہ لاک ڈاؤن سے پہلے کی طرح ہی مسلمانوں کو راج بھون میں واقع مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت دی جائے۔