تھانے 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام )ممبئی کے سب اربن ریلوے نیٹ ورک پر جمعرات کو پیش آئے ٹرین حادثات میں ایک خاتون کے بشمول کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ریلوے پولیس نے یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں کے بموجب حالیہ وقتوں میں یہ ایک دن میں پیش آنے والے ٹرین حادثات میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔ ممبئی کی سب اربن ریل سرویس کو ممبئی کی لائیف لائین قرار دیا جاتا ہے ۔ ریلوے پولیس نے اپنے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ حادثات میں کم از کم 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جو 16 اموات ہوئی ہیں ان میں سںات اموات تھانے ضلع کے ریلوے اسٹیشنوں پر ہوئی ہیں۔ تھانے ضلع بھی ممبئی میٹرو پولیٹن علاقہ کا ہی حصہ ہے ۔ تھانے کے بعد ڈومبی ویلی اور کلیان میں دو دو اموات ہوئی ہیں۔ کرلا ریلوے اسٹیشن پر تین اموات کی اطلاع ہے ۔ ریلوے اسٹیشنوں واشی ‘ پنویل ‘ ممبئی سنٹرل ‘ باندرہ ‘ بوریویلی اور وشائی پر ایک ایک موت کی اطلاع ہے ۔ ریلوے پولیس کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مہلوکین میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔
