ممبئی شہر میں 53 صحافی کورونا وائرس سے متاثر

   

Ferty9 Clinic

167 صحافیوں کا معائنہ ، الیکٹرانک میڈیا کی اکثریت ، فیلڈ ورک سے متاثر
حیدرآباد۔20اپریل(سیاست نیوز) ممبئی شہر میں کورونا وائرس سے 53صحافی متاثر ہوچکے ہیں اور بی ایم سی کی جانب سے کئے جانے والے ٹسٹ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ 53 صحافی کورونا وائرس کے مصدقہ مریض ہیں اور ان میں بیشتر کو کوئی علامات نظر نہیں آرہی تھیں اور اس انکشاف کے بعد کہا جا رہاہے کہ کورونا وائرس کے مصدقہ مریض میں ضروری نہیں کہ علامات کا اظہار ہونے لگے۔ بتایاجاتا ہے کہ متاثرہ 53 صحافیوں میں ایک ٹیلی ویژن سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد b[y شامل ہے اور ان کے معائنہ مثبت پائے جانے کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں اور اداروں میں کام کرنے والوں کے معائنوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اکثر وہ صحافی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں جو کہ فیلڈ پر کام کر رہے ہیں اور دواخانوں کا دورہ کررہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ صحافیوں کی اتنی بڑی تعداد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے پر یہ بات واضح ہوئی ہے کہ جو لوگ فیلڈ پر کام کر رہے ہیںوہ متاثر ہیں اور انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کو متاثر کیا ہے۔ برہین ممبئی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے مطابق ممبئی میں متاثر ہونے والے صحافیوں میں بڑی تعداد کا تعلق الکٹرانک میڈیا سے ہے جو ہجوم کے درمیان پہنچ کر رپورٹنگ کر رہے ہیں۔کارپوریشن کی جانب سے 167 صحافیوںکے معائنے کئے گئے جن میں 53کے نتائج مثبت پائے گئے ہیں اور ابھی معائنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صحافیوں نے بتایا کہ اب تک جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان کا جائزہ لیا جائے تو یہ پتہ چلتا ہے کہ ہر تیسرے صحافی کو کورونا وائرس مثبت پایا جارہا ہے جس کے سبب الکٹرانک میڈیا کے ان ادارو ںمیں دہشت پائی جانے لگی ہے جن میڈیا ادارو ںکے نمائندوں کو کورونا وائر س مثبت پایا جانے لگا ہے کیونکہ ان میڈیا اداروں میں موجود عملہ کی جانب سے روزانہ کے اساس پر کی جانے والی ملاقاتیں اور کام کاج کے سبب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں کورونا کے خطرات لاحق ہیں اور علامات نہ پائے جانے کے سبب خوف و دہشت میں مزید اضافہ ہونے لگا ہے کیونکہ جن لوگوں میں علامات نہیں ہیں وہ بھی متاثرین کی فہرست میں شمار کئے جا رہے ہیں اور ان کے نتائج بھی مثبت آنے لگے ہیں جو کہ اداروں کے ذمہ داروں اور ساتھی صحافیوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے لگے ہیں۔ بی ایم سی کی جانب سے ممبئی کے تمام صحافیوں کے معائنوں کیلئے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔