ممبئی۔26؍فروری ( ایجنسیز )مشہور صنعت کارانل امبانی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بڑا جھٹکہ دیا ہے۔ اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت ای ڈی نے ممبئی میں واقع انل امبانی کا عالیشان بنگلہ ’ابوڈ‘ قرق کرلیا ہے جس کی قیمت 3 ہزار 716 کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بینک فراڈ معاملے میں ای ڈی نے ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ (آر کام) کے چیئرمین انل امبالی کے گھر’ ابوڈ‘ کو اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت قرق کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ممبئی کے پالی ہل علاقے میں واقع یہ شاندار بنگلہ 66 میٹراونچا ہے جس میں 17 منزلیں ہیں۔ خبروں کے مطابق پروینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک پروویژنل آرڈر جاری کیا گیا ہے تاکہ ان کی گروپ کمپنی آرکام کی جانب سے بینک فراڈ سے متعلق معاملے میں کثیرمنزلہ عمارت کو اٹیچ کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ہی گروپ سے متعلق اب تک قرق کی گئی کل جائیدادوں کی قیمت 15 ہزار 700 کروڑ روپئے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ای ڈی کے اسپیشل ٹاسک فورس ہیڈکوارٹر نے یہ کارروائی انسداد منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت کی ہے۔ اس سے قبل اسی جائیداد کا ایک حصہ جس کی قیمت 473.17 کروڑ روپئے تھی اٹیچ کیا جاچکا ہے۔ اس معاملے میں ریلائنس کمیونکیشن لمیٹیڈ (آر کام)، انل امبانی اور دیگر کو ملزم بنایا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق ان اثاثوں کا حقیقی استعمال اور فائدہ امبانی خاندان کے لیے تھا جب کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں کے پھنسے ہوئے قرض کا نپٹارا نہیں ہوپارہا تھا۔ اس دوران ای ڈی نے کہا ہے کہ وہ ملک کے مالیاتی نظام کی حفاظت اور عوامی فنڈز کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور منی لانڈرنگ سے منسلک اثاثوں کی نشاندہی کرکے انہیں اٹیچ کرنے کی کارروائی جارہی رہے گی۔