ممبئی میں انڈونیشیا کے 10 باشندے گرفتار

   

ممبئی۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے کہا ہے کہ ممبئی پولیس نے ہندوستانی تعزیری قانون کے مختلف دفعات کے تحت انڈونیشیا کے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں چند خواتین بھی شامل ہیں۔ وہ تمام تبلیغی جماعت کے ارکان ہیں اور انہوں نے دہلی کے نظام الدین مرکز میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کی تھی۔ اس عہدیدار نے کہا کہ یہ 10 ارکان انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے 12 مبلغین کے گروپ میں شامل تھے اور دہلی سے واپسی کے بعد 29 مارچ سے باندرہ کے ایک اپارٹمنٹ میں قیام کررہے تھے۔ کووڈ۔19 مریضوں کی کثیر تعداد کو تبلیغی جماعت کے مرکز میں منعقدہ مذہبی اجتماع سے مربوط کیا جارہا ہے کیونکہ ملک کے مختلف حصوں سے اس کے ارکان کی کثیر تعداد نے اس اجتماع میں شرکت کی تھی۔ پولیس نے کہا کہ انڈونیشیائی باشندوں کی باندرہ میں موجودگی کا یکم اپریل کو پتہ چلا تھا۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وہ 26 فروری اور 3 مارچ کو دو گروپوں میں ہندوستان پہونچے تھے۔ معائنوں کے بعد دو انڈونیشیائی کووڈ۔ 19 پازیٹیو پائے گئے تھے اور ماباقی 10 ساتھیوں کو کورنٹائن میں رکھا گیا تھا۔