ممبئی میں بارش کی تباہ کاریوں کیلئے رشوت ستانی ذمہ دار

   

اُدھو ٹھاکرے اپنے ایم پیز کو صفائی کی نگرانی کی ہدایت دیتے تو یہ حالت نہ ہوتی :چاوان
ممبئی ۔ 2 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کی اپوزیشن جماعتوں نے ممبئی اور پونے میں موسلا دھار بارش کے دوران دیواریں گرنے کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر حکمراں بی جے پی اور شیوسینا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ رشوت ستانی کے سبب یہ واقعات پیش آئے ہیں۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر اشوک چاوان نے الزام عائد کیا کہ باندرا کا کلانگر جہاں شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے رہتے ہیں پانی جمع ہوجانے کے سبب جھیل کا منظر پیش کررہا ہے ۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ اس زعفرانی جماعت کو جو مجلس بلدیہ ممبئی ( بی ایم سی ) میں برسراقتدار ہے برساتی پانی میں شہر کے عملاً نیم غرقاب ہونے پر شہریوں سے معذرت خواہی کرے ۔ ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے اشوک چاوان نے کہاکہ شیوسینا کے سربراہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اپنے نومنتخبہ ارکان پارلیمنٹ کو مندوں کے درشن کیلئے بھیجنے کے بجائے سائیکل مانسون ڈرینیج کی صفائی کے کاموں کی نگرانی کیلئے روانہ کرتے تو ممبئی سیلاب زدہ حالات کا شکار نہ ہوتا تھا۔ این سی پی کے لیڈر دھننجے منڈے نے حکمراں شیوسینا اور بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیواروں کے انہدام میں انسانی جانوں کے اتلاف کے بعد ممبئی کے تمام پلوں ، سڑکوں اور عمارتوں کی ڈھانچہ بندی سے متعلق آڈٹ کروائی جانی چاہئے ۔ چاوان نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’مالاڈ، کلیان ، پونے میں دیواریں منہدم ہونے کے واقعات میں 25 جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ ممبئی کی سڑکیں برساتی پانی میں بہہ گئیں۔ ان تمام واقعات کے لئے کیا رشوت ستانی بھی آیا بارش کے برابر ذمہ دار نہیں ہے ‘‘ ۔