ممبئی، 22 مئی (یو این آئی) ممبئی کے بائیکلہ علاقے کے کنجل ٹاور کے قریب بدھ کی شام شدید بارش کے دوران ایک درخت گرنے سے تین سے چار کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ایک 43 سالہ شخص زخمی ہو گیا۔ واقعہ این ایم جوشی مارگ پر پیش آیا جہاں درخت گر کر شاہنواز شیخ نامی شخص کے سر، سینے اور کمر پر چوٹیں آئیں۔ زخمی کو فوری طور پر شہری انتظامیہ کے زیر انتظام نائر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے اور حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ شہر میں شدید موسمی حالات کے دوران بوڑھے اور کمزور درختوں سے لاحق خطرات کی نشاندہی کرتا ہے ۔ دوسری جانب، پوائی میں منگل کی شام ایس ایم شیٹی اسکول کے قریب گل موہر کے درخت کے گرنے سے شوبھا تورنے اور اس کے شوہر پرشانت تورنے زخمی ہوئے ۔ شوبھا کو سر اور کندھے پر شدید چوٹیں آئیں جبکہ پرشانت کے بازوؤں میں چھید پڑ گئے ۔